عمر شریف کا امریکا جاکر علاج کروانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا

September 27, 2021

مشہور پاکستانی کامیڈین عمر شریف کی نجی اسپتال میں طبیعت کی خرابی اور دوسری طرف ایئر ایمبولینس کمپنی کے اصول و ضابطوں کی وجہ سے ان کے امریکا میں علاج کے لیے جانے کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے، عمر شریف کی اہلیہ غزل نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مداخلت کی اپیل کردی۔

زریں غزل کے مطابق گزشتہ روز عمر شریف کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں فوری طور پر ایئر ایمبولینس کا طویل سفر کرنے سے منع کردیا تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے میں عمر شریف کی طبیعت بہتر اور سفر کرنے کے قابل ہونے کی امید ہے۔

زریں غزل کا کہنا تھا کہ ایئر ایمبولینس کے عملے نے کراچی میں مزید زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے رکنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ ڈاکٹرز انہیں کم از کم 24 گھنٹے یہاں رہنے کا کہہ رہے ہیں۔

زریں غزل کے مطابق اگر ایئر ایمبولینس واپس چلی گئی تو وہ عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا منتقلی کے لیے واپس نہیں آئیں گے اور نہ ہی ادا کیا ہوا پیسہ واپس ملے گا۔

اہلیہ عمر شریف کا کہنا تھا کہ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس دوبارہ کال کرنے کی صورت میں انہیں نئے سرے سے ادائیگی کرنا ہوگی۔

انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور آن کال انٹرنیشنل کو ایئر ایمبولینس کو کم ازکم 24 گھنٹے تک یہاں رکنے کا کہیں تاکہ وہ عمر شریف کو امریکا لے جائیں۔

زریں غزل کے مطابق ایئر ایمبولینس ویسے بھی فیس کی ادائیگی کے بعد کئی دن کی تاخیر سے کراچی پہنچی ہے۔