JS بینک کا امارات کے سرفہرست مارگیج بروکر ہوم میٹرز کیساتھ اشتراک

October 15, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جے ایس بینک نے متحدہ عرب امارات کے سرفہرست مارگیج بروکر ہوم میٹرز کے ساتھ اشتراک کیا جس کا مقصد اس شعبہ کیلئے ایک معیار قائم کرنا اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو لچکدار مارک اپ اور آسان شرائط پر ہاؤسنگ فنانس کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ ہوم میٹرز جے ایس بینک کو خاص مارگیج اور بروکریج کی سہولت فراہم کرے گا جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی آسان اور سہل ہوم فنانسنگ کی سہولت سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ معاہدے پر جے ایس بینک کے ہیڈ آف سیکیور لینڈنگ فہد صدیقی اور ہوم میٹرز مارگیج کنسلٹنٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ساون کاریا نے دستخط کئے۔ اس موقع پر ہوم میٹرز کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ Daniel Le Moeligou بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے ایس بینک کے ہیڈ آف سیکیور لینڈنگ فہد صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑے روایتی ہوم لون فراہم کرنے والے بینک کے طورپر جے ایس بینک کو بیرون ملک رہنےوالے صارفین کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے انڈسٹری کے لیڈر ہوم میٹرز کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے۔ یہ اسٹریٹجک معاہدہ متحدہ عرب امارات میں رہنے والے پاکستانیوں کو بہترین پراپرٹی کا انتخاب کرنے اور پاکستان میں معیاری فنانسنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ لہذا یہ ہمارے لئے انتہائی اہمیت کی حامل قابل قدر بیرونی شراکت داریوں میں سے ایک ہے۔ تقریب سے ہوم میٹرز کے منیجنگ ڈائریکٹر ساون کاریا کا کہنا تھا کہ یہ اہم شراکت داری ایک تاریخی سنگ میل ہے جس سے ہوم میٹرز جے ایس بینک کے ساتھ مارگیج کے ذریعے پاکستان میں جائیداد کی خریداری کیلئے پاکستان سے باہر رہائش پذیر صارفین کو آن لائن خدمات فراہم کرسکے گا۔