قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ بدھ سے شروع، ٹیموں کا اعلان

October 16, 2021

کراچی( اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی بدھ 20 اکتوبر سے شروع ہوگا جس کے لئے چھ ٹیموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ عمران بٹ ، اظہرعلی، افتخار احمد ، نعمان علی ، فواد عالم اور محمد عباس تین ماہ تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں بالترتیب بلوچستان ، وسطی پنجاب ، خیبر پختونخوا ، شمالی ، سندھ اور جنوبی پنجاب کی قیادت کریں گے۔ 10 راؤنڈ گروپ مرحلے میں پہلے پانچ راؤنڈ قذافی ا سٹیڈیم لاہور ، اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد اور ملتان جبکہ آخری پانچ راؤنڈ اور فائنل کراچی میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس ، ایس بی پی اسپورٹس کمپلیکس اور این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر کھیلے جائیں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم 25 سے 29 دسمبر تک پانچ روزہ فائنل کی میزبانی کرے گا۔ سندھ کی ٹیم فواد عالم (کپتان) ، اسد شفیق ، عاشق علی ، حسن محسن ، خزیمہ بن تنویر ، میر حمزہ ، محمد اصغر ، محمد حسن ( وکٹ کیپر) ، محمد حسنین ، محمد سلیمان ، محمد طحہ ، سعد خان ، شان مسعود ، شرجیل خان ، سہیل خان اور تابش خان پر مشتمل ہوگی۔20 سے23 اکتوبر تک بلوچستان کا مقابلہ سندھ ، اقبال اسٹیڈیم ، فیصل آباد وسطی پنجاب بمقابلہ جنوبی پنجاب ، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم ، ملتان خیبر پختونخوا بمقابلہ شمالی ، قذافی اسٹیڈیم ، لاہور میں ہوگا۔