پاکستان آرمی چولستان کے عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کررہی ہے

October 17, 2021

اسلام آباد ( وقائع نگار )پاکستان آرمی کی خصوصی ٹیمیں چولستان کے دور افتادہ علاقوں کے عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کررہی ہیں، خصوصی ٹیمیں ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے تعاون سے عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سر گرم ہیں،اس سلسلے میں 2021 میں اب تک چنن پیر ، چک 75 DNB، چک،121 DNB کھتری بنگلہ ،دین گڑھ ، چاہ ناگراں، چاہ ملکانہ ، کالا پہاڑ ،احمد پور ایسٹ، منچن آباد اور چشتیاں میں فری میڈیکل اور آئی کیمپ کا انعقاد کیا جا چکا ہے جن میں تقریباً 12000 افراد کو فری طبی سہولیات مہیا کی جا چکی ہیں،اس سلسلےکو آگے بڑھاتے ہوئے تحصیل ہسپتال فورٹ عباس میں پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام سیلانی انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کی وساطت سے فری میڈیکل، آئی سرجیکل کیمپ 12 سے 17 اکتوبر تک جاری ہے کیمپ میں غریب اور نادار مریضوں کیلئے امراض چشم کی تشخیص و علاج اور مفت لیزرکی فراہمی، آئی سرجری کے ذریعے موتیے کا علاج کیا جارہا ہے ، نیز ضرورتمند افراد کو مفت چشمےاور ادویات بھی مہیا کئے جارہے ہیں ،15 اکتوبر 1 کو کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا ء نے بھی آئی کیمپ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عوام کو دی جانے والی طبی سہولیات کا بغور جائزہ لیا، کور کمانڈر نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو اس کیمپ سے مستفید کیا جائے ۔