فاتح عالم بننے کا عزم، گرین شرٹس کی تیاریاں تیز تر،آج ویسٹ انڈیز سے وارم اپ میچ

October 18, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت کر فاتح عالم بننے کا عزم لیے دبئی پہنچنے والے گرین شرٹس کی تیاریاں تیز تر ہوگئیں۔ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں پیر کو پہلا وارم اپ میچ دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی کی آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اتوار کی شب پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن نے بھی ٹیم کو جوائن کر لیا ہے۔ پریکٹس سیشن میں تین گھنٹے کھلاڑیوں نے بھرپور ٹریننگ کی۔ قبل ازیں دبئی کے مقامی ہوٹل میں مسلسل دوسرے روز کھلاڑیوں نے دو گھنٹے پر مشتمل جم سیشن میں حصہ لیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی دبئی میں کوویڈ ٹیسٹنگ رپورٹس منفی آئی ہیں جس کے بعد کھلاڑیوں کو پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت دی گئی تھی۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ملک کی نمائندگی کرنا فخر اور میگا ایونٹ میں کپتانی کرنا چیلنج ہے، ورلڈ کپ پہلی بار کھیل رہا ہوں اور خوشی ہے کہ ایونٹ میں کپتانی کر رہا ہوں۔ شعیب ملک سینئر ہیں ان سے مشورہ ضرور لوں گا۔میں فارم میں ہوں، اس کا فائدہ ہوگا۔ ٹورنامنٹ سے قبل پرفارمنس اچھی ہو تو اس کا فائدہ ہوتا ہے ۔ پاکستان نے 2009ء میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتا، یہ قابلِ فخر لمحہ تھا اور ہم اس مرتبہ پوری کوشش کریں گے کہ ایک بار پھر وہ لمحہ آئے۔ عرب امارات میں بہت کرکٹ کھیلی ہے، کنڈیشنز کا اندازہ ہے جس کا ہمیں فائدہ ہے لیکن ہمیں ہر شعبے میں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے۔ ورلڈ کپ سے قبل بدقسمتی سے انٹرنیشنل سیریز نہ ہوسکیں جبکہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں کچھ کھلاڑیوں کی پرفارمنس اچھی نہ ہونے سے تبدیلیاں کرنا پڑیں جس کی وجہ سے شعیب ملک، فخر زمان اور حیدر علی ٹیم میں آئے ہیں۔ شعیب ملک تجربے کار ہیں، ان کو پلیئنگ الیون میں کھلانے سے متعلق ہمیں ابھی پلان بنانا ہے۔ محمد رضوان بہترین وکٹ کیپر بیٹر ہیں، وہ بہت اچھا کھیل رہے ہیں، وہ ہم سب کے لیے انسپائریشن ہیں، رضوان کے ساتھ بیٹنگ کرنا اچھا لگتا ہے کیوں کہ ان کے ساتھ کیمسٹری بہت اچھی ہے، کوشش ہوگی کہ محمد رضوان کے ساتھ مل کر لمبی اننگز کھیلوں۔