برطانوی شہزادہ ولیم نے اعتراف کیا ہے کہ میں زیادہ مرچ مسالے والا کھانا برداشت نہیں کر سکتا اور تیز مرچ کھانے سے مجھے بہت پسینہ آنے لگتا ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ ولیم جَلد بھارت کے شہر ممبئی کا دورہ کریں گے جہاں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تقریب منعقد کی جائے گی۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران خاتون صحافی نے پرنس ولیم کو یاد دلایا کہ بھارت اپنے مسالے دار کھانوں کے لیے مشہور ہے۔
اس پر پرنس ولیم نے کہا کہ میں بہت کم مرچ مسالے والے کھانے کھاتا ہوں اور تیز مرچ کھانے سے مجھے شدید پسینہ آتا ہے جو کہ میرے لیے پریشانی کا سبب بنتا ہے۔
شہزادہ ولیم نے 2023ء میں بھی ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ میں زیادہ مرچ مسالے برداشت نہیں کر سکتا اور اس سے مجھے پسینہ آنے لگتا ہے۔
دوسری جانب پرنس ولیم کی اہلیہ شہزادی کیتھرین مڈلٹن کو مسالے دار کھانے پسند ہیں، وہ سالن پکاتے وقت آخر میں مزید مسالے شامل کرنا پسند کرتی ہیں۔
دی نیوز انٹرنیشل کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ ولیم موسمیاتی تبدیلی اور ماحول کے تحفظ کے لیے قائم انعامی پروگرام کے بانی ہیں، ممبئی میں ہونے والی اس تقریب کی میزبانی بھارتی فلم ساز کرن جوہر کریں گے۔
شہزادہ ولیم نے رواں سال اپنے بیان میں کہا تھا کہ ممبئی کا اس تقریب کی میزبانی کرنا خوش آئند ہے۔