• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں پولیس کی کارروائی، 31 افراد کنٹینرز سے برآمد

یورپ میں پولیس کی کارروائی، 31 افراد کنٹینرز سے برآمد


یورپ کے مختلف مقامات پر سراغ رساں کتوں کی مدد لیتے ہوئے کنٹرینرز سے 31 تارکین وطن کو برآمد کر لیا گیا ہے۔ 

پہلے برطانوی پولیس نے جنوبی انگلینڈ میں کارروائی کی جبکہ اس کی اطلاع پر ڈچ پولیس نے اپنے ملک میں کارروائی کرتے ہوئے تارکین وطن کو کنٹینر سے برآمد کیا۔ 

برطانوی اور ڈچ حکام نے انکشاف کیا ہے کہ بدھ کے روز 30 سے ​​زائد افراد 2 علیحدہ علیحدہ کنٹینرز میں چھپ کر سفر کر رہے تھے جبکہ ان کے ساتھ کچھ بچے بھی موجود تھے۔

جنوبی برطانیہ کی کاؤنٹی وِلٹشائر پولیس کے مطابق ایک شہری نے حکام کو مشکوک سرگرمی کی اطلاع دی جس پر پولیس نے چپینہم کے علاقے میں ٹرک کی تلاشی لی، جس سے 15 تارکین وطن برآمد ہوئے۔

تمام تارکین وطن کی عمر 16 سال سے زائد ہیں، ان میں سے ایک کو طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ 

علاوہ ازیں ایک 50 سالہ شخص کو برطانیہ میں غیر قانونی داخلے میں معاونت کرنے کے شبے میں میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب نیدرلینڈز حکام نے 16 مسافروں کو ایماڈن کی بندرگاہ پر کنٹینر سے اس وقت برآمد کیا جب وہ فیری پر سوار ہوکر برطانیہ میں داخل ہونے  کی کوشش کر رہے تھے۔

رائل ڈچ پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے افراد میں سے ایک خاتون اور  4 بچے بھی شامل ہیں۔ 

حکام نے ان کی شناخت کے بارے میں واضح طور پر نہیں بتایا تاہم ان کا کہنا تھا کہ تارکین وطن کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ 

پولیس کے مطابق کنٹینر میں کار کے پرزوں کی ترسیل ہورہی تھی اور ان تارکین وطن نے خود کو ان کے پیچھے چھپایا ہوا تھا۔

ٹرک کا ڈرائیور ایک 45 سالہ ترک شہری ہے، جسے انسانی اسمگلنگ کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں انگلینڈ میں ایک ریفریجریٹڈ کنٹینر سے 39 لاشیں ملنے کے بعد یورپ میں کنٹینرز کی چیکنگ معمول بنتی جاری ہے۔

چند روز قبل فرانس میں ایک کنٹینر سے 31 پاکستانی تارکین وطن برآمد ہوئے تھے جنہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین