برطانیہ میں ٹرک سے 39 افراد کی لاشیں ملنے کی تحقیقات میں ایک ویتنامی لڑکی کا اپنے گھر والوں کے نام آخری پیغام سامنے آیا ہے۔
26 سالہ فام تھی ترامائی نے اپنے والدین کو بتایا کہ وہ مررہی ہے، اس کا دم گھٹ رہا ہے، اس نے اپنے والدین سے معذرت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس کا بیرون ملک کا دورہ ناکام رہا، اپنے پیغام میں خاتون نے والدین سے محبت کا اظہار بھی کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: برطانیہ، کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں برآمد
خاتون نے اپنے والدین سے کہا کہ وہ ان سے معذرت چاہتی ہے کہ اس کا باہر جانے کا خواب ناکام ہو گیا ہے اور وہ اب دم گھٹنے کی وجہ سے مررہی ہے۔
خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ اس کی بہن نے 30 ہزار پاؤنڈ اسمگلروں کو برطانیہ جانے کے لیے دیئے تھے اور آخری بار اس نے بلجیم سے رابطہ کیا تھا۔
برطانوی پولیس کے مطابق ڈرائیور اور دیگر سے تفتیش کے بعد اب تک چار افراد کو حراست میں لیاگیا ہے، تفتیشی حکام کا کہنا ہے ہلاک ہونے والوں میں بیشتر کا تعلق ویتنام سے ہے۔
یہ بھی پڑھیے: برطانیہ میں کنٹینر کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کیسے ہوئی؟
برطانوی میڈیا کے مطابق ویتنامی کمیونٹی کے لیے برطانیہ میں کام کرنے والی ایک این جی او نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد اب تک ویتنام سے کئی خاندانوں نے رابطہ کیا ہے اور اب تک انہیں 20 افراد کی تصویریں موصول ہوئی ہیں۔
لندن میں ویتنامی سفارت خانے نے ایسیکسس پولیس سے مسلسل رابطے کی تصدیق بھی کی ہے۔