• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعلیٰ سندھ کی لاڑکانہ اسٹیٹ کیلئے 1.36 بلین روپے کی منظوری

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ 1 اعشاریہ 36 بلین روپے لاڑکانہ اسٹیٹ کی ترقی کے لیے منظور کیئے ہیں۔

یہ بات وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سائٹ لاڑکانہ کو گیس مہیا کرنے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس کے دوران وزیرِ اعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ 184 ایکڑز پر دیھ سمانو، تعلقہ باقرانی، لاڑکانہ میں قائم کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: انڈسٹریل اسٹیٹ منصوبہ لاڑکانہ میں مکمل

وزیرِ توانائی امتیاز شیخ نے بتایا کہ گیس کنکشن کے لیے 32 کروڑ 60 لاکھ روپے وزیرِ اعلیٰ سندھ نے منظور کیئے ہیں۔

وزیر صنعت سندھ جام اکرام اللّٰہ نے بریفنگ میں کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ میں 94 پلاٹس ہوں گے، دیگر سہولتوں کے لیے 95 اعشاریہ 41 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے، انڈسٹریل اسٹیٹ میں 90 فیصد کام ہو چکا ہے۔

امتیاز شیخ نے بتایا کہ ریلوے کراسنگ کی وجہ سے این او سی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ لائن بچھائی جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام جلد مکمل کیئے جائیں، انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے سے لاڑکانہ ڈویژن میں روزگار کے ذرائع بڑھ جائیں گے۔

مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈسٹریل اسٹیٹ بنانے سے علاقے میں خوش حالی آئے گی، انڈسٹریل اسٹیٹ تیار ہے تو سہولتیں مہیا کی جائیں تاکہ صنعتیں لگنا شروع ہوں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جنوری 2021ء میں لاڑکانہ انڈسٹریل اسٹیٹ کا افتتاح کیا تھا۔

تازہ ترین