• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمال راشد خان نے پاکستان سے معافی مانگ لی

گزشتہ روز پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی عبرتناک شکست کے بعد بالی ووڈ اداکار اور فلمی ناقد کمال راشد خان المعروف کے آر کے نے پاکستانیوں سے معافی مانگ لی۔

پاکستان کی تاریخی فتح کے بعد بالی ووڈ اداکار کمال راشد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد ٹوئٹس کیے جن میں اُنہوں نے پاکستانی ٹیم اور کپتان بابر اعظم کی تعریف کی جبکہ ویرات کوہلی کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

کمال راشد خان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’آج، میں نے تقریباََ  5 سے 6 سال کے بعد پاکستان ٹیم کو کھیلتے دیکھا اور میں واقعی نہیں جانتا تھا کہ یہ ٹیم اتنا زبردست کھیلتی ہے۔‘

اُنہوں نے پاکستانیوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ ’میں معافی چاہتا ہوں کہ میں نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا موازنہ ’گلی کی ٹیم‘ سے کیا تھا۔‘

بالی ووڈ اداکار نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ ’مجھے معلوم نہیں تھا کہ پاکستانی کپتان بابر دُنیا کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔‘

کمال راشد خان نے یہ بھی کہا کہ ’21 سالہ نوجوان شاہین آفریدی پاکستان کا خطرناک بولر ہے جبکہ بابر اعظم ہمارے ویرات کوہلی سے بہت بہترین بلے باز ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ شب پاکستان نے ورلڈکپ مقابلوں میں بھارت سے شکست کا جمود توڑ کر اسے چاروں شانے چت کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے ہرادیا۔

بھارت کا 152 رنز کا دیا گیا ہدف پاکستان نے بغیر کسی نقصان پر 18ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان بابراعظم کے بلے نے بھی رنز اگلے اور انہوں نے 52 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسری جانب بہترین بولنگ پرفارمنس پر شاہین شاہ آفریدی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

تازہ ترین