• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ شہباز شریف کی یوسف رضا گیلانی کے گھر آمد

Cm Punjab Arrives At Gilani Home
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گھر گئے اور انہیں بیٹے کی بازیابی پر مبارکباد دی، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا قومی اسمبلی میں جانا خوش آئند ہے، پارلیمنٹ ہی وزیر اعظم کی قوت ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف لاہور میں یوسف رضا گیلانی کی رہائشگاہ پہنچے، وہ مٹھائی کے ٹوکرے اور گلدستے بھی ساتھ لے کر گئے ۔انہوں نے علی حیدر گیلانی کو گلے لگا کر پیار کیا اور بازیابی پر مبارکباد دی۔

ذاتی گفتگو کے بیچ ذکر پاناما پیپرز کا بھی آیا ،جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف پیر کے روز قومی اسمبلی جائیں گے اور پاناما پیپرز پر اپنا موقف واضح کریں گے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیر اعظم کا پارلیمنٹ میں جانا خوش آئند ہے، پارلیمنٹ ہی وزیر اعظم کی قوت ہے، سب کو پارلیمنٹ کو مضبوط کرنا چاہیے۔

علی حیدر گیلانی کی بازیابی پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے وہ کڑا وقت گزارا ہے ،جس کا تصور بھی مشکل ہے ، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ بیٹا بخیریت گھر واپس آگیا ۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں کہ خود مبارکباد دینے آئے۔
تازہ ترین