• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ خارجہ کی سعودی ہم منصب کو مبارکباد


وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ہے جہاں انہوں نے ماحولیات پر کانفرنس کے انعقاد پر انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

سیکریٹری خارجہ سہیل محمود اور سفارت خانے کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ماحولیات پر کانفرنس خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے، توقع ہے کہ خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

پاک سعودی وزرائے خارجہ نے 2طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگو کی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی خوش گوار تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوامِ متحدہ اور او آئی سی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق بھی کیا۔

شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کوافغانستان میں ابھرتے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

تازہ ترین