پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے اداکار خاقان شاہنواز اور اداکارہ سبینہ سید رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
ان کی شادی کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بن گئیں، جن میں انہیں قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ اپنی شادی کی خوشیاں مناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شادی کی تقریبات میں رنگ، موسیقی اور گلیمر کا حسین امتزاج دیکھنے کو ملا، جہاں شوبز سے تعلق رکھنے والے دوستوں نے بھرپور شرکت کی۔
یہ جوڑی ہمیشہ اپنے دوستوں کی خوشیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے اور مختلف شادیوں میں ڈانس کے ذریعے اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کا اپنا بڑا دن بھی ہُک اسٹیپس اور جدید موسیقی سے بھرپور رہا۔
خاقان شاہنواز اور سبینہ سید دونوں کے شوبز انڈسٹری کے کئی معروف ستاروں سے قریبی تعلقات ہیں، ان کی شادی میں وجاہت رؤف فیملی، کبریٰ خان، حمزہ سہیل، ضرار خان سمیت دیگر نامور شخصیات کو خوشیاں مناتے دیکھا گیا۔
شازیہ وجاہت، کبریٰ خان اور دیگر مہمانوں نے بھی خوب ڈانس کیا اور تقریب کو چار چاند لگا دیے، جبکہ دولہا دلہن یعنی خاقان اور سبینہ نے بھی بھرپور انداز میں اسٹیج پرفارمنس میں شرکت کی۔
جہاں خاقان شاہنواز اور سبینہ سید کی رقص کی ویڈیوز انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل اور مداحوں کی جانب سے خوب پسند کی جا رہی ہیں، وہیں نکاح کی طرح بارات میں بھی دلہن کو اپنے لُکس پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
بارات کے موقع پر سبینہ سید اور خاقان شاہنواز نے منفرد اسٹائلنگ کا انتخاب کیا، سبینہ نے ملٹی کلر لہنگا زیب تن کیا، جس میں مختلف رنگوں کا امتزاج نظر آیا جبکہ خاقان شاہنواز نے آئیوری شیروانی اور پگڑی کے ساتھ سرخ چادر کا انتخاب کیا۔
دونوں کے یہ لُکس صارفین کو نہ بھائے، سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے سبینہ سید کی اسٹائلنگ کو ناپسند کیا، جبکہ کچھ کا کہنا تھا کہ خاقان شاہنواز خوبرو ہونے کے باوجود لباس کے انتخاب میں درست فیصلہ نہیں کر پاتے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ دونوں بے حد خوبصورت ہیں، مگر لباس اتنے عجیب کیوں؟ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ سبینہ کی اسٹائلنگ ہمیشہ خراب ہوتی ہے جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ سبینہ بہت خوبصورت ہیں، لیکن ان کا لباس اچھا نہیں لگ رہا۔