• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


وزیراعظم عمران خان نے ڈائریکٹر جنرل، آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تقرری کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم ہاؤس نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک اپنے فرائض انجام دیں گے۔

آج سہ پہر وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی تھی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات علیحدگی میں ہوئی تھی جس میں بعد ازاں ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید بھی شامل ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں داخلی اور امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

نئے ڈی جی آئی ایس ایس لیفٹینٹ جنرل ندیم انجم کون؟

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشنڈ حاصل کیا، انہیں کمانڈ اسٹاف اور انسٹرکشنل اسائمنٹس کا تجربہ ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمبائنڈ آرمز سینٹر یوکے سے گریجویٹ ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اسٹاف کالج کوئٹہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم ایڈوانس اسٹاف کورس برطانیہ کے بھی گریجویٹ ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے ماسٹرز ڈگری کنگز کالج لندن اور این ڈی یو اسلام آباد سے حاصل کی، انہیں روایتی اور غیر روایتی خطرات کے ماحول میں کمانڈ کا وسیع تجربہ ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے مغربی سرحد اور ایل او سی پر کمانڈ کی ہے، جبکہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دی ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم نے جنوبی وزیرستان میں انفنٹری بریگیڈ کو کمانڈ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کمانڈنٹ اسٹاف کالج کوئٹہ اور کمانڈر فائیو کور سندھ بھی رہے ہیں۔

تازہ ترین