مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نیازی نوٹس لینا چھوڑ دیں، آپ کے نوٹس لینے پر قیمتیں بڑھتی ہیں۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ اب رات کے اندھیرے میں قوم پر ظلم ڈھائے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس، آٹے، چینی کی بڑھتی قیمتوں کے زخم ابھی تازہ تھے کہ قوم پر رات کے اندھیرے میں ایک اور پٹرول بم گرا دیا گیا۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران نیازی کو جھوٹ کا عالمی تمغہ ملنا چاہیئے، اب عوام عمران خان کے جھوٹ کا نوٹس لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں مہنگائی بڑھنے کا رونا رونے والے وہاں کی فی کس آمدنی بھی دیکھیں۔
میاں شہباز شریف کے صاحبزادے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عیدِ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیٹرول کی قیمت بڑھ جاتی ہے، بھارت میں دیوالی کے موقع پر پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوتی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج قوم مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے، بنی گالا میں بیٹھے نیرو کو قوم کا خیال نہیں، عمران نیازی سوچتے کم ہیں، بولتے زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سوچتے کم اور بولتے زیادہ ہیں، کوئی انہیں بتا دے کہ سونامی کا مطلب تباہی ہے، 4 سال میں مہنگائی اور بے روزگاری میں کمی کا سونامی نہیں آیا، بلکہ قیمتوں میں اضافے اور بدتمیزی کا سونامی آیا ہے۔
نون لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ ان 4 سال میں آٹا، چینی اور دیگر معاملات میں قوم کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگایا جا چکا ہے، عمران نیازی نے اپوزیشن کے ساتھ قوم پر بھی ظلم کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنی گالا کا محل چند ہزار روپوں میں جائز قرار دے دیا جاتا ہے، غریب محنت کش کا ٹھیلہ تجاوزات کہہ کر الٹا دیا جاتا ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک کی سسکتی ہوئی معیشت ہاتھ سے نکل رہی ہے، قوم کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا پڑے گا، معیشت کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کے لیے حکمتِ عملی وضع کرنی ہو گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اکٹھے نہ ہوئے تو انتخابات میں عوام ہم سے بھی سوال کریں گے، یہ لوگ اقتدار سے چمٹے رہے تو ہر آنے والا دن قوم پر بھاری ہے۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف کا کہنا ہے کہ ہمیں آئینی راستہ تلاش کرنا ہو گا، عوام آج مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، چینی کی قیمت بے قابو ہوچکی ہے، اس شخص کو پتہ ہی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے تھے کہ میں این آر او نہیں دوں گا، آج 3 بار نیب آرڈیننس میں ترمیم ہو چکی ہے، چینی ملک میں کہیں 130 روپے اور کہیں 150 روپے کلو میں مل رہی ہے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ملک میں چینی کا اسٹاک 15روز کا رہ گیا ہے، اس شخص نے پہلے چینی ایکسپورٹ کر دی، پھر امپورٹ کر کے قوم کو اربوں روپے کا چونا لگایا۔
انہوں نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران نیازی! آپ نے اپوزیشن سے انتقام لیا، اس کا بھی حساب ہو گا، انتخابات میں پی ٹی آئی کا یومِ حساب ہوگا۔
شہباز شریف کے صاحبزادے کا مزید کہنا ہے کہ ہم آئین کے ماننے والے ہیں، آئینی راستہ تلاش کرنا ہو گا، ملک عمران خان کی نالائقی، نا اہلی اور کرپشن کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔
حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ ملک میں ڈینگی سے لوگ مر رہے ہیں، لیکن کسی کو کوئی احساس نہیں، ہم پاکستان کو دلدل سے نکالیں گے، حکومت سے چھٹکارہ پانے کے لیے آئینی راستہ اختیار کرنا ہو گا۔