• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناظم جوکھیو قتل: MNA جام عبدالکریم بھی ملزمان میں شامل


ناظم جوکھیو قتل کیس میں گرفتار ایم پی اے جام اویس کے بڑے بھائی ایم این اے جام عبدالکریم بھی ملزم نامزد کردیے گئے۔

پولیس کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کے مقدمے میں اغوا کی دفعات بھی شامل ہوگئیں جبکہ پولیس نے جام اویس کے گھر کی ڈیجیٹل وڈیو ریکارڈر برآمد کرلی۔

قتل کی واردات کے بعد ڈی وی آر غائب کردیا گیا تھا، جسے اب فارنزک ٹیسٹ کےلیے بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کے موبائل فون ڈيٹا کی مدد سے بھی تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ آڈیو، ویڈیو کو بطور مرکزی ثبوت استعمال کیا جائے گا۔

پی پی ایم پی اے جام اویس کو عدالت میں پیشی کے وقت ہتھکڑی نہیں لگائی گئی تھی جس کی تفتیش بھی شروع کردی گئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ایم پی اے جام اویس کو پروٹوکول نہیں دیا جارہا، وہ لاک اپ میں ہیں، انہیں عدالت پیشی کے موقع پر ہتھکڑی نہ لگانے کی بھی تفتیش ہورہی ہے۔

مقتول ناظم جوکھیو کا گم ہونے والا موبائل فون7 روز گزر جانے کے باوجود تاحال نہیں مل سکا ہے۔

مقتول کے بھائی کا الزام ہے کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے مہمانوں کے شکار کی وڈیو وائرل کرنے پر ناظم جوکھیو کو قتل کیا گیا۔

ناظم جوکھیو کی لاش کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ کے قریب سے ملی تھی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو معاملے میں دہشت گردی کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت ہے۔

مدعی مقدمہ نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ تفتیشی حکام نے جائے وقوع کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل نہیں کی جبکہ مقتول کے کپڑوں اور موبائل فون ڈیٹا کو بھی محفوظ نہیں کیا گیا۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات اور رکن اسمبلی جام اویس کے خلاف قتل میں سہولت کاری کی دفعات بھی لگائی جائیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

تازہ ترین