وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سانحۂ آرمی پبلک اسکول سے متعلق رپورٹ 4 ہفتے میں تیار کر کے عدالت میں پیش کریں گے۔
یہ بات وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سانحۂ آرمی پبلک اسکول ازخود نوٹس کیس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی طلبی کے موقع پر عدالتِ عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نیشنل ایکشن پلان کو لے کر آگے چل رہے ہیں، یہ پاکستان کی تاریخ کے پُرامن ترین 3 سال ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے بعد حالات معمول پر آنا شروع ہوئے، وزیرِ اعظم عمران خان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سانحۂ اے پی ایس کے وقت مسلم لیگ نون کی حکومت تھی، ہمارے پاس بڑا آسان راستہ تھا، ہم اس وقت کے وزیر اعظم اور وزیرِ داخلہ پر ذمے داری ڈال سکتے تھے۔