• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں چینی کی ایکس ملز قیمت 100 روپے تک گرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگی ہے۔

چینی کی ایکس ملز قیمت گزشتہ روز ایک موقع پر 100 روپے فی کلو بھی رہی، البتہ رات گئے تک قیمت 104 روپے کلو ہو گئی تھی۔

چینی کی ایکس ملز قیمت میں آج بھی اضافے کا رجحان ہے، ایکس ملز قیمت مزید 1 روپیہ بڑھ کر 105 روپے ہو گئی ہے۔

شہرِ قائد میں ایکس ملز کے ساتھ ہول سیلز میں چینی کی قیمت 105 روپے فی کلو سے بڑھ کر 108 روپے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کراچی ریٹیل گروسرز گروپ کے جنرل سیکریٹری فرید قریشی کے مطابق شہر کے بڑے بازاروں میں چینی کا ریٹ 110 سے 115 روپے کلو ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چھوٹے بازاروں میں چینی 115 سے 120 روپے کے درمیان فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ادھر لاہور کے شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں مقامی چینی نہیں مل رہی، درآمدی چینی 90 روپے کلو دستیاب ہے مگر وہ زیادہ میٹھی نہیں۔

پنجاب کے دارالخلافہ لاہور کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ مقامی چینی مل ہی نہیں رہی تو بیچیں کہاں سے۔

شوگر مارکیٹ ڈیلرز کے مطابق لاہور میں چینی کی فی کلو قیمت 115 روپے مقرر ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی سپلائی نہ ہونے کے برابر ہے۔

لاہور کے شوگر مارکیٹ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ عام دکانوں سے مقامی موٹی چینی بدستور غائب ہے، جبکہ درآمدی باریک سرکاری چینی 90 روپے کلو پر دستیاب ہے۔

شوگر ڈیلر سہیل ملک کے مطابق کرشنگ سیزن کا آغاز ہوتے ہی قلت ختم ہو جائے گی۔

حکومتِ پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع ہو گا۔

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ میں چینی کی قیمت میں 17 روپے فی کلو کی مزید کمی ہوئی ہے۔

کوئٹہ کے مارکیٹ ذرائع کے مطابق چینی کی فی کلو قیمت 140 سے کم ہو کر 123 روپے ہو گئی، 3 روز کے دوران چینی کی فی کلو قیمت میں 37 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل تک کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 160 روپے تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب پشاور کے جنرل اسٹورز میں سرکاری چینی 90 روپے فی کلو گرام میں دستیاب ہے، شہری سستی چینی خرید کر مستفید ہو رہے ہیں۔

تازہ ترین