• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: لانڈھی جیل میں 4 سال سے قید 20 بھارتی ماہی گیر رہا


پاکستانی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور بغیر اجازت مچھلیوں کا شکار کرنے کے الزام میں گرفتار کیئے گئے 20 بھارتی ماہی گیروں کو آج کراچی کی لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل ملیر سے رہا کر دیا گیا۔

جیل حکام کے مطابق محکمۂ داخلہ سندھ کے جاری کردہ احکامات کے بعد ان ماہی گیروں کی گرفتاری کے 4 سال بعد رہائی عمل میں آئی ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ کے مطابق بھارتی حکام نے رہائی پانے والوں کی بھارتی شہریت کی تصدیق کی ہے، قیدیوں کو جذبۂ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماہی گیروں کو لانڈھی ڈسٹرکٹ جیل سے رہا کر کے ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کیا گیا ہے، قیدیوں کے تمام سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن برداشت کر رہی ہے۔

جیل سپرنٹنڈنٹ ارشد شاہ نے بتایا کہ ان ماہی گیروں کی کراچی سے ٹرین کے ذریعے لاہور روانگی کا شیڈول ہے، جہاں سے بس کے ذریعے انہیں واہگہ بارڈر پہنچایا جائے گا۔

جیل حکام کے مطابق واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام پیر کو ان ماہی گیروں کو بھارتی حکام کے حوالے کریں گے۔

جیل حکام نے مزید بتایا ہے کہ رہا کیئے گئے ان تمام قیدیوں کی سزائیں پوری ہو چکی ہیں۔

جیل حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ لانڈھی جیل میں ابھی بھی 588 بھارتی قیدی موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر ماہی گیر ہیں، جیل میں موجود قیدیوں کی تمام قانونی کارروائی پوری ہو چکی ہے۔

تازہ ترین