• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، پی ڈی اے اور ٹریفک پولیس کا تجاوزات کیخلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

پشاور(کرائم رپورٹر) شہر میں ٹریفک مسائل خاتمے و ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے عمارہ خان کی سربراہی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک افسران اور پی ڈی اے حکام نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ شہر بھر میں زیبرا کراسنگ ʼ لائن اور لین میکنگ کی جائے گی اور باقاعدہ یوٹرنز اور نو پارکنگ زون کے حوالے سے بورڈز لگائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو مشکلات نہ ہوں اور لوگ نو پارکنگ زون کی جگہ میں گاڑیاں کھڑی نہ کریں ۔ بعد ازاں چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت اور ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے عمارہ خان نے جی ٹی روڈ پر مختلف مقامات پر یوٹرنز کا جائزہ لیا اور بہتری کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے شہر بھر کے مختلف علاقوں میں تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے جس کے تحت سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور تجاوزات قائم کرنیوالوں کا سامان ٹرمینل منتقل کرنے سمیت مرتکب افراد پر جرمانے عائد کئے جاتے ہیں اس سلسلے میں تاجروں کے ساتھ بھی میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر ʼ جی ٹی روڈʼ یونیورسٹی روڈʼ خوشحال بازار ʼ فردوس ʼ قصہ خوانی اور دیگر مصروف تجارتی مراکز میں نو پارکنگ زونز میں گاڑیاں کھڑی کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی اے کے ساتھ ملکر سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر بھر میں ٹریفک کی روانی اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرائیگی تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں ۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو بھی ہدایت کی کہ وہ ٹریفک کی روانی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں جبکہ خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں اس سلسلے میں غفلت کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی ۔
تازہ ترین