بھارتی سابق کرکٹر، صدر کانگریس کمیٹی پنجاب نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور، پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
کرتار پور بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے جس میں شرکت کے لیے بھارتی سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو بھی کرتار پور پہنچ گئے ہیں۔
سی ای او محمد لطیف کی جانب سے پاک بھارت بارڈر پر نوجوت سنگھ سدھو کا استقبال کیا گیا ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کرتار پور میں گفتگو کے دوران کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پہل کی جس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیراعظم عمران خان کے فیصلے نےکرتارراہداری کوممکن بنایا، انقلابی وزیر اعظم کے ہوتے ہوئےخطے کی قسمت بدل سکتی ہے، ہمین دوریاں ختم کرنے کے لیےاقدامات کرنے ہوں گے۔
نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ لاہور اور گورداسپور کےدرمیان تجارت کھلےتو خوشی ہوگی،پاکستان سے بڑی مارکیٹ کہیں نہیں، تجارت سےدونوں ملکوں کافائدہ ہے۔
نوجوت سنگھ سدھو کا پاکستان پہنچنے پر کہنا تھا کہ بابا جی کے در پر پہنچنے پر خوش ہوں، دعا ہے امن بھائی چارہ قائم رہے، ماؤں کی گودیں آباد رہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ بابا نانک کی تعلیمات کے مطابق امن بھائی چارہ قائم رہے۔
واضح رہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کا کرتارپور، پاکستان میں یہ دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل بھی وہ 2019ء، نومبر میں کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقع پر پاکستان آ چکے ہیں۔
2019 میں نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ وہ دربار صاحب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بے قرار ہیں، دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ حکومتِ پاکستان خصوصاً وزیرِ اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، جو بابا گرونانک کے جنم دن کے تاریخی موقع پر دربار صاحب کا افتتاح کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بابا گرونانک کے 552ویں جنم دن کی مرکزی تقریب ننکانہ صاحب میں جاری ہے، بھارت نے 16 مارچ 2020ء سے کرتارپور راہداری کورونا وائرس کے باعث بند کی ہوئی تھی۔