• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کا 3 ارب 85 کروڑ کا بجٹ منظور، ڈیولپمنٹ سکیمیں منتخب ارکان کی مشاورت سے بنیں گی

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) عدالتی حکم پر بلدیاتی اداروں کی بحالی کے بعد میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے رواں مالی سال کی بقیہ مدت کیلئے تین ارب 85 کروڑ چوبیس لاکھ 98 ہزار 850 روپے کا سرپلس بجٹ پیش کر دیا جس میں ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ پونے تین ارب روپے سے زائد جبکہ غیرترقیاتی اخراجات کی مد میں ایک ارب 9کروڑ 70لاکھ 38 ہزار 850 روپے رکھے گئے جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔ گزشتہ روز کنونیئرو ڈپٹی میئر چوہدری طارق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں میئر راولپنڈی سردار محمد نسیم خان سمیت تمام یونین کونسلوں کے چیئرمین اور مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اراکین بھی موجود تھے۔ میئر سردار نسیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیش کئے جانے والے راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے بجٹ میں صوبے بھر میں سب سے زیادہ رقم ترقیاتی کاموں کیلئے رکھی جا رہی ہے ۔سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص رقم کی تمام سکیمیں منتخب اراکین کی مشاورت سے تیار کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے توڑے جانے سے قبل ہم نے دو سالانہ بجٹ اور ایک چھ ماہ کا بجٹ پیش کیا لیکن عملی طور پر صرف ایک بجٹ پر ہی عملدرآمد کروا سکے ، ہمیں عملی کام کے لئے صرف سترہ ماہ کی مدت میسر آئی۔ ترقیاتی بجٹ میں بہت زیادہ اضافے کے ساتھ سال 2021-22 کا بجٹ ٹیکس فری بجٹ ہو گا اور اضافی رقم شہرکی تعمیروترقی اور عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کا پیش کیا جانے والا بجٹ اٹھارہ اکتوبر سے آئندہ سال30جون تک کے عرصے کے لئے پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کی دفعہ 104-105 اور لوکل گورنمنٹ بجٹ رولز2017کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے بجٹ کے مجوزہ اعداد وشمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے آئندہ چھ ماہ کے لئے ابتدائی بقایا دو ارب 46 کروڑ 24 لاکھ 67 ہزار 936 روپے ہیں جس میں متوقع آمدن کا تخمینہ ایک ارب 73کروڑ 76 لاکھ چالیس ہزار روپے ہے جس میں تنخواہوں اور پنشن کیلئے 51 کروڑ 50 لاکھ 23 ہزار 850 روپے، دیگر اخرجات کے لئے 29 کروڑ 65 لاکھ 15ہزار روپے، لازمی اخراجات کیلئے پانچ کروڑ پانچ لاکھ روپے، پنشن کیلئے بیس کروڑ اور کارپوریشن کے غیر ترقیاتی اخراجات کیلئے تین کروڑ پانچ لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا پہلے سے جاری کارپوریشن کی ترقیاتی سکیموں کیلئے 35کروڑ روپے، پی ایم ایس پی کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کے لئے 70لاکھ روپے، جاری ترقیاتی سکیموں کے فنڈز کی ضلع کونسل کو منتقلی کی مد میں سات کروڑ 50 لاکھ، پی ایم ایس پی کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کی ضلع کونسل کو منتقلی کی مد میں چار لاکھ 60ہزار روپے مختص کئے گئے ہیں، اسی طرح نئے ترقیاتی اخراجات کے تحت سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال2021-22کے لئے دو ارب 28 کروڑ 80لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، مرمتوں و دیکھ بھال اور سٹریٹ لائٹس کیلئے ایک کروڑ روپے، مرمتوں و دیکھ بھال، روڈ کٹس اور پیچ ورک کیلئے ایک کروڑ روپے، سرکاری عمارتوں کی مرمتوں اور دیکھ بھال کیلئے ڈیڑھ کروڑ ورپے مختص کئے گئے ہیں۔
تازہ ترین