عربی کا مخزن انگریزی میں میگزین بن گیا۔ امیر البحر نے ایڈمرل کا روپ دھار لیا۔ فارسی کے پدر نے فادر، مادر نے مدر، برادر نے برَدر اور دُختر نے ڈاٹر کی شکل اختیار کرلی۔ لیکن کوئی بھی انگریز اِن الفاظ کو اصل عربی یا فارسی تلفظ کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش نہیں کرتا، جبکہ ہمارے ہاں بہت سے لوگ اردو بولتے ہوئے انگریزی کے الفاظ کو انگریزی ہی لہجے میں ادا کرنا ضروری سمجھنے لگے ہیں۔
مثلاً ستمبر کو سپٹمبر اور اگست کو آگسٹ کہنا ہی ان کے خیال میں پڑھے لکھے ہونے کا تقاضا ہے لیکن یہ روش سراسر بے علمی پرمبنی ہے۔ اردو بولتے ہوئے پتلون کے بجائے پینٹالون اور لالٹین کے بجائے لینٹرن کہنا علمیت کا نہیں جہالت کا مظہر ہے اور اس سے گریز ہی تہذیب کا تقاضا ہے۔ (ثروت جمال اصمیٰ)