• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گریمی ایوارڈز، عروج آفتاب دو کیٹگریز کے لیے نامزد

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب کو دنیائے موسیقی کے اعلیٰ ترین گریمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی پاکستانی گلوکارہ کو 2 کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا، عروج آفتاب کو بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس اور بیسٹ نیو آرٹسٹ کی کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔حیران کن طور پر اس بار لیڈی گاگا اور ٹیلر سوئفٹ جیسی گلوکارائیں زیادہ نامزدگیاں حاصل نہیں کر سکیں، عروج آفتاب کی غزل کو سابق امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اپنی پسندیدہ گانوں میں شمار کیا تھا۔بہترین نئے گلوکارکے علاوہ ان کا گانا ’محبت‘ بیسٹ گلوبل میوزک پرفارمنس کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔عروج آفتاب 37 سالہ پاکستانی گلوکارہ ہیں، جن کی پیدائش سعودی عرب میں ہوئی لیکن والدین کے ساتھ وطن آ کر لاہور سے اپنی موسیقی کا آغاز کیا، اور امریکا کے برکلے کالج آف میوزک سے تعلیم حاصل کی اور اب تک ان کی تین سولو البم آ چکی ہیں۔عروج کو بچپن سے کلاسیکی موسیقی، غزل اور قوالی سے لگاؤ رہا ہے، وہ گلوکاری کے علاوہ موسیقار اور پروڈیوسر بھی ہیں۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عروج آفتاب کی نامزدگی پر ایک بیان میں کہا ہے کہ گریمی ایوارڈ کے لیے پاکستانی گلوکارہ کی نامزدگی پر انھیں فخر ہے، یہ بڑی کامیابی ہے، عروج آفتاب کی آواز لاکھوں لوگوں کے کانوں تک پہنچے گی۔

تازہ ترین