بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ وننگ کپتان کپل دیو نے راہول ڈریوڈ کی بطور ہیڈ کوچ تقرری کے بارے میں بڑا دعویٰ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنی حالیہ میڈیا گفتگو میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے بارے میں کہا کہ ’راہول ڈریوڈ ایک اچھے انسان اور بہترین کرکٹر رہے ہیں جبکہ وہ بطور کوچ بھی بہتر کام کریں گے۔‘
کپل دیو نے دعویٰ کیا کہ ’راہول ڈریوڈ نے جس طرح اپنے کرکٹ کے دنوں میں ٹیم کے لیے پرفارم کیا، وہ اس سے بہترین فرائض اب بطور کوچ سرانجام دیں گے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’کچھ عرصے کے بعد، ہمیں معلوم ہوجائے گا کہ راہول بھارتی ٹیم کے لیے کیا کرنے والے ہیں لہٰذا ہمیں صرف مثبت سوچ رکھنی چاہیے۔‘
کپل دیو نے یہ بھی کہا کہ ’میں ان دنوں صرف کرکٹ دیکھنے جاتا ہوں اور کھیل سے لطف اندوز ہوتا ہوں، میں تجزیہ کار کے نقطہ نظر سے نہیں دیکھتا، میرا کام کھیل سے لطف اندوز ہونا ہے۔‘
اُنہوں نے بھارتی کرکٹر رویندرا جڈیجا کے حوالے سے کہا کہ ’وہ کتنا شاندار کرکٹر ہے لیکن بدقسمتی سے وہ ایک بلے باز کے طور پر بہتر ہوا ہے، جب اُنہوں نے شروعات کی تو وہ کہیں بہتر بولر تھے لیکن اب وہ اس سے کہیں بہتر بلے باز ہے، جب بھارتی ٹیم کو ضرورت ہوتی ہے تو جدیجا لازمی پرفارم کرتا ہے۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل کپل دیو نے کہا تھا کہ ویرات کوہلی کی کپتانی اور روی شاستری کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، میں انہیں 100 میں سے 90 فیصد نمبر دوں گا ور آئی سی سی ٹرافی نہ جیتنے پر 10 فیصد نمبر کاٹ دوں گا۔