گوادر (نمائندہ جنگ) گوادر کو حق دو تحریک کا احتجاجی دھرنا بارہویں روز بھی پورٹ روڈ وائی چوک کے مقام پر جاری رہا۔ تحریک کے حمایت میں انجمن تاجران کی اپیل پر گوادر شہر میں دوسرے دن بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمٰن اور دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ یہ تحریک ایک فرد یا کسی گروہ کی ترقی نہیں بلکہ اجتماعی مسائل کے حل اور ظلم زیادتیوں کے خلاف منظم تحریک ہے۔ صوبائی حکومت نے تحریک کے بنیادی مطالبات کو پورا کرنے کے لئے جو یقین دہانی کرائی ہے اس پر عملی طورپر عمل درآمد چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع گوادر کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے لئے گزشتہ بارہ دنوں سے دھرنا دیکر احتجاج کررہے ہیں ہم توقع کررہے تھے کہ ہمارا ایم پی اے ضلع گوادر کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اسمبلی میں قرارداد پیش کرینگے لیکن گزشتہ روز ایم پی اے گوادر نے تقریر کرکے اسمبلی میں سرکاری ٹی وی کے فنڈز بڑھانے کی بابت قرار داد پیش کی یہ رویہ عوامی مسائل سے لاتعلقی کا مظہر ہے۔ دوسری طرف سینیٹر کہدہ بابر دلیل دے رہے ہیں کہ وزیر اعلیٰ قدوس بزنجو نئے نئے آئے ہیں ان کو موقع دیا جائے۔