• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، الیکشن کمیشن کے فنڈز EVM کے استعمال سے مشروط

وفاقی کابینہ، الیکشن کمیشن کے فنڈز EVM کے استعمال سے مشروط


اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کے فنڈز کو ای وی ایم کے استعمال سے مشروط کردیا ہے ، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں مہنگائی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ گھی اور چائے کی پتی کے علاوہ پاکستان میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں خطے میں سب سے کم ہیں،وفاقی کابینہ نے حلقہ این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے دوران ووٹوں کو پیسوں سے خریدنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے اور سندھ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کابینہ نے کورونا وبا کے لیے پیکج پر آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو وضاحت دینے کی ہدایت کردی ہے

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک سے نکلنے والی گیس صرف گھریلو صارفین کیلئے مختص جائے گی کیوں کہ اس کی قیمتیں کم ہوتی ہیں، سی این جی سیکٹر کو یکم دسمبر 2021 تا15 فروری 2022 بند رکھا جائے گا ۔

منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رانا شمیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کہہ دیا ہے مشتہر بیان حلفی میرا نہیں ،(ن )لیگ کی ایک سازش ہے، اپوزیشن کی احتجاجی سیاست موسمی ہے، ان کے اپنے کارکنان اب ان کی بات نہیں سنتے،فواد چوہدری نے بتایا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون پر اسد عمر اور ڈاکٹر فیصل نے بریفنگ دی۔

انہوں نے کہاکہ یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، موجودہ ویکسینز اس وائرس کے لئے کتنی موثر ہیں، اس کا پتہ لگانے کے لئے دو سے تین ہفتے درکار ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومتوں اور عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر ویکسی نیشن مکمل کروائیں۔

انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ ہم پہلی چار لہروں کی طرح اس پانچویں لہر سے بھی کامیابی سے نمٹیں گے۔

چوہدری فواد حسین نے کہاکہ عوام کو ماسک پہننا ہوں گے، ویکسین لگوانا ضروری ہے۔وزیراعلیٰ سندھ اپنے معاملات درست کریں، سب سے مہنگا آٹا حیدرآباد میں ہے۔ الیکشن کمیشن کو آئندہ تمام ضمنی انتخابات ای وی ایم پر کرانے چاہئیں، اگر انتخابات ای وی ایم پر نہیں ہوتے تو حکومت اس کے لئے فنڈنگ نہیں کر سکے گی۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ قانون صرف ای وی ایم پر انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، وزیر قانون کا بھی خیال ہے کہ بادی النظر میں حکومت الیکشن کمیشن کو اسی صورت فنڈز دے سکے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔

پارلیمنٹ نے مینڈیٹ دیا ہے کہ الیکشن فوری طور پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر کرائے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کو ای وی ایم پر منتقل کرے۔انہوںنے کہاکہ وفاقی کابینہ نے لاہور میں ووٹ خریدنے کے حوالے سے وائرل ہونے والی ویڈیو پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریداری کے وقت نوٹس لیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔ الیکشن کمیشن کو ویڈیو والے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ سعودی عرب سے تین ارب ڈالر اسٹیٹ بینک منتقل ہونے کے لئے تمام ضوابط مکمل ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 1.3 ارب ڈالر کے تیل کی فراہمی کے لئے بھی تمام ضروری کام مکمل ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ٹی ایف سی نے 762 ملین ڈالر اضافی پاکستان کو دیئے ہیں جس سے فوری طور پر ڈالر کی قیمت میں استحکام آنے کا امکان ہے ۔ 

تازہ ترین