• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ رینکنگ، پاکستانی کرکٹرز کی پروازیں، شاہین ٹاپ 5 بولرز میں شامل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستانی کرکٹرز عابد علی ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بلندیوں کی جانب گامزن ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی، اوپنر عابد علی 28درجے ترقی بعد 20ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم 7 ویں سے 8ویں نمبر پر آگئے۔ بابر اعظم فروری 2020 میں بنگلہ دیش کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں 143رنز کی اننگز کے بعد سے بغیر سنچری کے 17اننگز کھیل چکے ہیں۔ بدھ کو جاری رینکنگ کے مطابق پہلےٹیسٹ میں 7 وکٹیں لینے کے عوض شاہین شاہ آفریدی کو ٹاپ ٹین بولرز میں شامل کرلیا گیا ہے، 2021میں پہلا موقع ہے جب ٹیسٹ کی ٹاپ رینکنگ میں کسی پاکستان بولرز نے جگہ بنائی ہے۔ بولر شاہین شاہ آفریدی کی رینکنگ میں 3 درجے بہتری ہوئی ہے ۔ شاہین شاہ آفریدی اچھی کارکردگی کے باعث 5ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ فاسٹ بولر حسن علی کی بھی 5درجے بہتری ہوئی ہے جس کے بعد11ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ حسن علی 16ویں سے 11ویں نمبر پر آگئے۔ آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کا بولنگ رینکنگ میں پہلا نمبر برقرار ہے۔ آئی سی سی کے مطابق چٹاگانگ ٹیسٹ کے ہیرو عابد علی کیریئر بیسٹ20ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ بدھ کوآئی سی سی کی جاری کردہ تازہ ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بیٹنگ میں انگلینڈ کے کپتان جوروٹ پہلی پوزیشن پر ہیں جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسرے نمبر پر ہیں۔ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 18سے21جبکہ اظہر علی 21سے 22نمبر پر جبکہ فواد عالم کی ٹیسٹ رینکنگ میں27ویں پوزیشن ہوگئی۔ بیٹرز میں بھارت کے روہت شرما پانچویں اور ویرات کوہلی چھٹے نمبر پر ہیں۔ بولرز میں روی ایشون کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔

تازہ ترین