• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری سرور، نواز شریف ملاقات کی تردید، ترین گروپ ساتھ دے تو تحریک عدم اعتماد لاسکتے ہیں، رانا ثناء

لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے چوہدری سرور، نواز شریف ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین گروپ ساتھ دے توانکے ساتھ ملکر حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لا سکتے ہیں۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے ترین گروپ سے رابطہ کیا تھا لیکن وہ اس کے لیے تیار نہیں تھے۔

اگر گورنرپنجاب لندن میں ایسی کوئی لابنگ کر رہے ہیں جس میں ترین گروپ اور دیگر پارٹیوں کو ملا کر تحریک عدم اعتماد لانا شامل ہے تو ہم بھی اس کے لیے تیار ہیں،اگر گورنر لندن میں تحریک عدم اعتماد پر لابنگ کررہے ہیں تو ہم بھی تیار ہیں،جس پولنگ سٹیشن پر ای وی ایم ہوگی اسکو آگ لگادینگے۔

رانا ثناء نے اس بات کی تردید کی کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور لندن میں نواز شریف سے ملے ہیں۔ حکومت ای وی ایم کو بھول جائے ،جس پولنگ سٹیشن پر ای وی ایم ہوگی اسکو آگ لگادینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں تنظیمی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔رانا ثناء سے جب یہ پوچھا گیا کہ ان کی پارٹی وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے میں دلچسپی رکھتی ہے یا پھر ان کا مطالبہ وقت سے پہلے انتخابات کا ہے تو انہوں نے کہا کہ وہ دونوں کے لیے ہی تیار ہیں اگر عدم اعتماد پہلے آتی ہے یا لائی جاتی ہے اور ان ہاؤس تبدیلی ہو جاتی ہے۔

وزیر اعظم بدل جاتا ہے تو پھر بھی اگلا مرحلہ جلدی انتخابات کا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت سے جتنی جلدی عوام کی جان چھڑائی جا سکے اور جس طریقے سے بھی چھڑائی جاسکے بہتر ہے۔

اس وقت اس حکومت کو مزید برداشت کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔نوازشریف کی دسمبر میں واپسی سے متعلق رانا ثناء نے بتایا کہ میاں صاحب اپنے وطن ضرور واپس آئیں گے جب ایک موزوں وقت ہوگا اور اس کا فیصلہ بھی وہ خود ہی کریں گے۔

یہ افواہیں بے بنیاد ہیں کہ مریم نواز کو کچھ وقت کے لیے سیاست سے دور کیا گیا ہے۔

تازہ ترین