ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان (ایچ آرسی پی) کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
گزشتہ روز سیالکوٹ میں پیش آنے والے واقعے کی ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کیئے گئے بیان میں شدید مذمت کی گئی ہے۔
اعلامیئے میں ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں ہجوم نے بے بنیاد الزامات پر ناقابلِ تصور بربریت کا مظاہرہ کیا۔
ایچ آرسی پی کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں بنیاد پرستی انتہائی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے، سیالکوٹ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔
ہیومن رائٹس کمیشن پاکستان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افسوس کےساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ریاست کا ردِ عمل بزدلانہ رہا ہے، ریاست کو انتہائی دائیں بازو کے ساتھ ساز باز کا سلسلہ بند کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیالکوٹ میں توہینِ مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے ایک فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا اور لاش جلا دی تھی۔