• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیائی ترقیاتی بینک، احساس پروگرام کیلئے 106 ارب 73 کروڑ روپے منظور

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں سماجی تحفظ کے پروگرام احساس کے دائرہ کارمیں توسیع کیلئے 60 کروڑ30 لاکھ ڈالر(106ارب73کروڑ روپے)کی معاونت کی منظوری دے دی ہے، بینک پاکستان کی حکومت کو 60 کروڑڈالر کا باقاعدہ قرضہ فراہم کرے گا، اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی فنڈ سے 30 لاکھ ڈالر اورایجوکیشن ابوو آل فاونڈیشن کی جانب سے دو کروڑ40لاکھ ڈالرکی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹرجنرل برائے وسطی و مغربی ایشیا یوگینی زوخوف نے بتایا کہ احساس پروگرام کی ترجیحات کے مطابق یہ معاونت بینک کی پاکستان میں سٹریٹجک فعالیت کی طرف منتقلی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بینک کی معاونت سے تعلیم ، صحت عامہ کی خدمات اورغذائی اشیا کی فراہمی کیلئے مشروط کیش ٹرانسفر پروگرام کوتقویت ملے گی ، اس معاونت سے غریب خاندانوں کے بچوں خاص طور پر لڑکیوں اور خواتین، نوعمر لڑکیوں اور غریب بچوں کے لیے صحت کی خدمات اور غذائیت ، پرائمری سے لیکر دسویں تک تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے نقد رقوم کی منتقلی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہاہے یہ پروگرام ایشیائی ترقیاتی بینک اوردیگر شراکت داروں سے سالوں پرمحیط رابطہ کاری کانتیجہ ہے۔اس پروگرام میں ان شعبہ جات پرتوجہ مرکوز کی گئی ہے جہاں ہم سمجھتے ہیں کہ بینک اپنا زیادہ اثراستعمال کرسکتا ہے، اس پروگرام سے والدین کو اپنے بچوں بالخصوص بچیوں کوسکولوں میں بھیجنےکی ترغیب ملے گی۔

تازہ ترین