• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی شدت کم ہو رہی ہے، اس کے کیسز کے بعد اب اموات میں بھی کمی آ رہی ہے، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 34 ویں نمبر پر آ چکا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 288 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 7 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 674 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 62 فیصد پر آ گئی۔

پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 830 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 89 ہزار 49 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 9 ہزار 118 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 740 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 51 ہزار 101 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 46 ہزار 6 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 25 لاکھ 25 ہزار 190 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 لاکھ 27 ہزار 413 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 13 کروڑ 26 لاکھ 38 ہزار 510 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 5 کروڑ 61 لاکھ 19 ہزار 999 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 77 ہزار 869 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 636 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 43 ہزار 839 مریض پورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 13 ہزار 51 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 80 ہزار 661 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 889 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 8 ہزار 117 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 962 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 34 ہزار 606 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 743 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 33 ہزار 531 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 363 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 426 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 186 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین