• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی الیکشن میں کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں، بلاول بھٹو


چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں بہترین بلدیاتی نظام لارہے ہیں، کراچی کے عوام پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ بلدیاتی قانون کو کالا قانون کہنے والوں کا منہ کالا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جب سے وہ پیدا ہوئے ہیں کراچی میں دہشت گردوں کا راج رہا ہے، آپ لسانیت کی سیاست کریں گے تو عوام آپ کو رد کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم پاکستان زندہ باد اور آپ پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگاتے ہیں، پاکستان مخالف نعرے لگانے والے ہم کو لیکچر دینے والے کون ہوتے ہیں؟

انہوں نے دعویٰ سے کہا کہ اگلے الیکشن میں نہ بلا چلے گا اور نہ ہی پتنگ، صرف تیر چلے گا، شہر قائد کے عوام پی پی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعمیری تنقید جائز ہے، لوکل باڈیز الیکشن میں دکھائیں گے کہ اگر کوئی سیاسی جماعت ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی قانون سازی کے لیے کسی سے مشاورت نہیں کی گئی، اسلام آباد میں وہ آرڈیننس کے ذریعے لوکل باڈیز الیکشن کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اب پراپرٹی ٹیکس براہ راست لوکل باڈیز کے پاس جائے گا، سارے میونسپل اختیارات کا چیئرمین منتخب میئر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم اور قانون نافذ کرنے والے حکام اپنے علاقوں کے نمائندوں کو جوابدہ ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ قانون سندھ حکومت لائی ہے، اس کا پنجاب، خیبرپختونخوا اور اسلام آباد کا قانون مقابلہ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنی ہار ماننے کو تیار نہیں، پیپلز پارٹی لاہور میں ترقی کر رہی ہے، وہاں کے عوام ہم سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم ان کے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، ہم ہمیشہ سے لوگوں کو گھر دیتے رہے، یہ آج بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین