• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول سندھ میں سندھی، پنجاب جاکر پاکستانی بن جاتے ہیں، مصطفیٰ کمال

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بلاول سندھ میں سندھی،پنجاب جا کر پاکستانی بن جاتے ہیں،جس طرح مہاجروں کو بانی متحدہ کے چنگل سے آزاد کروایا ویسے ہی سندھیوں کو پیپلز پارٹی کے ظلم سے نجات دلائیں گے، پیپلز پارٹی سندھیوں کی قاتل ہے، ناظم جوکھیو، عزیز میمن، فہمیدہ سیال، ام رباب کے والد، دادا اور چچا سمیت ہزاروں سندھیوں کو کسی مہاجر نے قتل نہیں کیا بلکہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے اور ایم پی اے نے قتل کیا، تھر اور لاڑکانہ میں روزانہ مرنے والے بچے سندھی ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کے حکمرانوں کی جنونیت، لسانیت اور فرعونیت ابھر کر سامنے آ رہی ہے،اگلے وزیر اعظم کا خواب دیکھنے والے بلاول زرداری کا بھیانک چہرہ عوام کے سامنے بےنقاب ہوگیا ہے، طاقت کے نشے میں پیپلز پارٹی اتنی پاگل ہوگئی ہے کہ دھمکیوں پر اتر آئی ہے، ہم تم سے لڑیں گے، تمہاری پولیس سے لڑیں گے۔پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کا وزیر اعلیٰ وسائل اور اختیارات اپنے پاس رکھ کر عوام پر ظلم کرتا ہے پھر سندھیوں سے کہتاہے کہ پنجاب اور اسٹیبلشمنٹ ظلم کر رہی ہے، ان سے جئے سندھ کا نعرہ لگواتے اور اسلحہ دیتے ہیں، جب تک پیپلز پارٹی حکومت کرتی رہتی ہے، پنجاب اور اسٹیبلشمنٹ سے انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوتی لیکن جیسے ہی حکومت ختم ہوتی ہے تو ریاست کیخلاف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ بلاول زرداری سندھ میں سندھی اور پنجاب جا کر پاکستانی بن جاتے ہیں،پیپلز پارٹی یہ تاثر دے رہی ہے کہ وہ تمام سندھیوں کی نمائندہ جماعت ہے اور چاہ رہی ہے کہ ہم مہاجروں کی بات کریں تاکہ وہ سندھیوں کو کہہ سکیں کہ سندھ کو بچانے کیلئے پیپلز پارٹی لازمی ہے لیکن کراچی سے کشمور تک سندھ ہمارا ہے، یہ کسی کی آصف زرداری کی جاگیر نہیں،ہم سندھ کے بیٹے اور اس کے وارث ہیں۔

تازہ ترین