• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیالکوٹ واقعے نے دنیا میں ہمیں شرمندہ کیا، شیخ رشید


وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے نے ہمیں شرمندہ کیا، دنیا میں ہمیں انتہا پسند کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔

راولپنڈی میں کرسمس سے متعلق تقریب سے خطاب میں شیخ رشید نے کہا کہ انتہا پسندی نے ملک کی بنیادیں ہلادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی پاکستان کی سب سے بڑی دشمن ہے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دوسرے مذاہب کے لیے ہمارے دل میں عزت نہیں ہوگی تو ہم انسان کہلانے کے لائق نہیں۔

شیخ رشید نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یسوع مسیح کا پیغام پریچنگ اینڈ ٹیچنگ ہے، خداوند کا کرم ہے کہ اس موقع پر مسیحی برادری سے مخاطب ہوتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جتنی خدمات مسیحی برادری کی پاکستان کے لئے ہیں، کسی اور کی نہیں ہیں، یسوع مسیح صرف مسیحیوں کے نہیں بلکہ میرے بھی ہیں۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کسی مسیحی کو بھیک مانگتے نہیں دیکھا ہمارے ملک کا عیسائی غریب ہے لیکن مکینک، ویلڈر اور محنت کش ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آپس کے بھائی چارے کی اشد ضرورت ہے، آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ راولپنڈی کے شہر کی بیٹی پڑھی لکھی ہے ہمیں کوئی نہیں ہرا سکتا۔

تازہ ترین