• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کا T20 شیڈول کے مطابق ہوگا، پی سی بی

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آج کھیلا جانیوالا سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ پروگرام کے مطابق ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے دستیاب تمام کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے ہیں جس کے بعد سیریز کے آخری میچ ہونے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

ملکی و غیر ملکی براڈ کاسٹر سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے نیشنل اسٹیڈیم پہنچ گئے ہیں۔

پاک، ویسٹ انڈیز ون ڈے سیریز کھیلنے کا فیصلہ دونوں بورڈز کےاجلاس کے بعد ہوگا۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین میڈیا منیجر کا کہنا ہے کہ سیریز اور میچ سے متعلق فیصلہ میڈیا پر بتائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ویسٹ انڈین اسکواڈ کے مزید 5 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان جاری رکھنے سے متعلق خطرے کے بادل منڈلانے لگے تھے۔

ویسٹ انڈین کھلاڑیوں میں اومی کرون ویرینٹ نہیں ہے

ذرائع کا بتانا ہے کہ کورونا کا شکار ویسٹ انڈین کھلاڑیوں میں اومی کرون ویرینٹ نہیں ہے، یہ 36گھنٹے کی کمرشل فلائٹ میں کورونا مثبت کیس سامنے آئے ہیں، خدشہ ہے مختلف ایئرپورٹس سے ویسٹ انڈین کھلاڑی کورونا میں مبتلا ہوئے ہیں۔

مہمان اسکواڈ کے 6 افراد کورونا کی وجہ سے ٹور سے باہر

ویسٹ انڈیز کرکٹ کے مطابق 3 کھلاڑی اور2 سپورٹ ارکان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد مہمان ٹیم کے اسکواڈ میں سے 6 افراد اب تک کورونا کی وجہ سے ٹور سے باہر ہوچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کےہوٹل میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے رپیڈ ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔

 کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بتایا کہ کورونا سے متاثرہ نئے 3 کرکٹرز میں وکٹ کیپر بیٹر شائے ہوپس، دائیں ہاتھ کے اسپنر عقیل حسین، آل راؤنڈر جسٹن گریوز شامل ہیں، یہ تینوں کرکٹرز پاکستان کے خلاف باقی میچز نہیں کھیلیں گے ۔

اس کے علاوہ اسسٹنٹ کوچ راڈی ایسٹ وک اور ٹیم کے فزیشن ڈاکٹر اکشے من سنگ بھی کورونا میں مبتلا ہونے والوں میں شامل ہیں۔

مہمان ٹیم کے اسکواڈ میں شامل یہ پانچوں ارکان 10 روزہ آئسولیشن میں ہیں۔

ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل ڈیون تھامس انجری کاشکار ہیں

دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل ڈیون تھامس انجری کاشکار ہیں وہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زخمی ہوگئے تھے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز اور پاکستان کرکٹ بورڈ سیریز کے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل جمعرات کی صبح ایک میٹنگ کریں گے، اس کے علاوہ مہمان اسکواڈ کی ایک بار پھر کووڈ ٹیسٹنگ بھی ہوگی تاکہ ٹور کو جاری رکھنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 2 صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی آج کھیلا جانا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 میچز کی ون ڈے سیریز بھی شیڈول ہے۔

تازہ ترین