ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں اومی کرون کا دوسرا کیس سامنے آ گیا، جس کی محکمۂ صحت کے ذرائع نے تصدیق کی ہے، تاہم مذکورہ شخص قرنطینہ سے فرار ہو گیا ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کے مطابق اومی کرون وائرس میں مبتلا 35 سالہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے کیٹیگری سی اور اومی کرون والے ممالک پر سفری پابندی لگائی ہے، تاہم برطانیہ کیٹیگری سی میں نہیں آتا۔
ذرائع محکمۂ صحت نے بتایا کہ رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا وائرس اور بعد میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ شخص کو محکمۂ صحت نے ایئر پورٹ سے شاہراہِ فیصل پر واقع نجی ہوٹل منتقل کیا ہے، متاثرہ شخص میں جینوم سکوینسنگ کے بعد اومی کرون کی تصدیق ہوئی ہے۔
ذرائع محکمۂ صحت کے مطابق اومی کرون سے متاثرہ مذکورہ شخص ہوٹل کے قرنطینہ سے فرار ہو گیا ہے۔
مذکورہ شخص کے فرار کے حوالے سے محکمۂ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ پر سیکیورٹی فراہم کرنا محکمۂ داخلہ، پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمے داری ہے۔
ذرائع محکمۂ صحت کا مزید کہنا ہے کہ نجی ہوٹل میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 19 افراد قرنطینہ میں ہیں، جنہیں سیکیورٹی اب بھی فراہم نہیں کی گئی۔
محکمۂ صحت کے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ 19 میں سے 5 افراد کی جینوم سکوینسنگ ابھی ہونی ہے، جبکہ سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث اب تک 38 افراد قرنطینہ سے فرار ہو چکے ہیں۔