• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: شیرشاہ کے نالے میں دھماکا، بینک تباہ، 17افراد جاں بحق


کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پراچہ چوک کے قریب گیس لیکیج سے دھماکا ہوا ہے، جس میں 17افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی عالمگیرخان کے والد بھی شامل ہیں۔

دھماکے سے نالے کے اوپر قائم نجی بینک کی عمارت تباہ ہوگئی، کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا،بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا سیوریج لائن میں گیس کے اخراج سے ہوا، جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔

ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبہ ہٹائے جانے کی کارروائی کے دوران نالے میں ایک اور دھماکا ہوا ہے جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

ٹراما سینٹر سول اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 17 افراد کی لاشیں اسپتال لائی گئیں جبکہ 6 زخمی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

دھماکے سے تباہ نالے سے ملبہ ہٹانے کے دوران ہونے والے ایک اور دھماکے کا منظر
دھماکے سے تباہ نالے سے ملبہ ہٹانے کے دوران ہونے والے ایک اور دھماکے کا منظر

دھماکے سے نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جاں بحق ہونے والوں میں 8 افراد کی شناخت بھی ہو چکی ہے۔

سول اسپتال میں زیرِ علاج 6زخمی زیرِ علاج ہیں، ان میں سے 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زور دار تھا کہ ایک کار اڑ کر دور جا گری جبکہ نالے اور بینک کا ملبہ بھی دور دور جا کر گرا ہے۔

شیر شاہ پولیس کے مطابق واقعہ شیر شاہ کے علاقے میں پراچہ چوک کے قریب پیش آیا ہے۔

سیوریج کے نالے میں دھماکے سے نالے کی چھت دور جا کر گری، دھماکے کے نتیجے میں قریب ہی واقع نجی بینک کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

کیماڑی ڈسٹرکٹ پولیس نے واقعے میں تخریب کاری یا دہشت گردی کے عنصر کو رد کر دیا ہے، پولیس کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے۔

دوسری جگہ منتقلی سے قبل بینک دھماکے سے تباہ ہو گیا

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پراچہ چوک کے قریب دھماکے سے تباہ ہونے والی نجی بینک کی برانچ نئی جگہ منتقل ہونے والی تھی۔

بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ شیر شاہ ہی میں واقع جناح روڈ پر نجی بینک کی نئی برانچ تیار کرلی گئی ہے، اسی نئی برانچ میں تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوچکا ہے۔

بینک ذرائع نے بتایا ہے کہ نیٹ ورک کا کام مکمل ہوتے ہی برانچ کو آئندہ دنوں میں شفٹ کیا جانا تھا۔

کےایم سی ذرائع نے ’جیو نیوز‘ کو بتایا کہ نالے پر قائم کوئی تعمیرات قانونی نہیں ہو سکتیں،جہاں بینک قائم تھا وہاں سے نالہ بھی گزر رہا ہے ۔

کے ایم سی ذرائع نے بتایا کہ حب ریور روڈ نالے اور شیر شاہ نالے کا زیرو پوائنٹ ہے، جس مقام پر دھماکا ہوا وہاں نالہ 5 سے 6 فٹ چوڑا ہے، نالے پر تعمیرات بہت پرانی ہیں، یہ کب ہوئیں اس حوالے سے تفصیلات موجود نہیں۔

وزیراعظم کا جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

عمران خان  نے کہا کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں کراچی کے شیر شاہ پراچہ چوک میں ہونے والے دھماکوں کے متاثرین کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنے رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کے والد کی دھماکے کی زد میں آکر شہادت کے بارے میں جان کر بطورِ خاص رنجیدہ ہوں، اللّٰہ کریم انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور سکت عطا فرمائیں۔


جائے دھماکا پر بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں نالے پر قائم نجی بینک کی برانچ میں دھماکے کی تحقیقات کے لیے ایس پی سائٹ اور دیگر پولیس افسران جائے وقوع پر موجود ہیں۔

ترجمان پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت کی جانچ کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ طلب کر لیاگیا ہے، ابتدائی طور پر دھماکا بظاہر نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کمشنر کو انکوائری کا حکم

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو شیر شاہ میں پراچہ چوک پر ہونے والے دھماکے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ انکوائری میں پولیس کے افسران کو شامل کیا جائے گا تاکہ ہر پہلو سے تفتیش ہو سکے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دھماکے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت کو سول اسپتال میں زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتیں فوری دینےکی ہدایات کی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے انتظامیہ کو اسپتال اور جائے وقوع پر پہنچ کر متاثرین کی مدد کرنے کی بھی ہدایات کی گئی ہیں۔

دھماکے پر سیاسی رہنماؤں کا اظہار افسوس

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت مختلف سیاسی رہنماؤں نے کراچی کے علاقے شیر شاہ میں ہونے والے دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے شیر شاہ دھماکے میں انسانی زندگیوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کے مکمل علاج کی ہدایات کی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے بلند درجات کی دعا کی۔

شہباز شریف نے دھماکے میں ایم این اے عالمگیر خان کے والد کے انتقال پر رنج کا اظہار کیا۔

جمعیت علماء اسلام کے رہنما قاری عثمان نے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا اور جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

قاری عثمان نے لواحقین کے لیے فوری مالی مدد کے بندوبست کا بھی مطالبہ کیا۔

تازہ ترین