• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکٹرانک ووٹنگ مشین معاملے پر کام میں مداخلت نہ کی جائے، الیکشن کمیشن


الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) سے متعلق بیانات کو غیر ذمے دارانہ قرار دے دیا۔

ایک بیان میں ترجمان ای سی پی نے کہا کہ ای وی ایم سے متعلق غیر ذمے دارانہ بیانات سول سوسائٹی، تنظیموں اور میڈیا کو گمراہ کرنے کے مترادف ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کا حصول ایک ٹیکنیکل پراسس ہے، الیکشن کمیشن کے کام میں مداخلت نہ کی جائے، ادارے کو دباؤ میں لانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

ای سی پی ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن قانون اور آئین کے تحت اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا پابند ہے، ادارہ بغیر کسی دباؤ کے اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا۔

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی کو ای وی ایم سے متعلق کوئی وضاحت چاہیے تو الیکشن کمیشن کے دروازے کھلے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کے حصول کے لیے انٹرنیشنل ٹینڈرنگ کے ساتھ مختلف مراحل درکار ہیں، مشین کے حصول کے ٹیکنیکل پراسس کے لیے ای سی پی کی 3 کمیٹیاں اپنا کام ذمے داری سے کر رہی ہیں۔

ای سی پی ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے بھی ٹیکنالوجی سے متعلق اقدامات کرتا رہا ہے، مشینوں کے حصول کے عمل میں پیپرا رولز، عالمی معیار کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ووٹنگ مشین کی ٹینڈرنگ کسی خاص وینڈر کے لیے نہ ہو، ای وی ایم کی تیسری پارٹی سے ٹیسٹنگ بھی ضروری ہے۔

ترجمان ای سی پی کے مطابق ٹیسٹنگ ضروری ہے کہ مشین صاف شفاف انتخابات میں استعمال ہو سکے، کچھ لوگوں کو اس ٹیکنالوجی سے متعلق زیادہ ادارک نہیں ہے۔

تازہ ترین