کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ائیر پورٹ روڈ نجی ہسپتال کے ڈاکٹرز نے پتھری کے مریض کا ایک گردہ نکال دیا حالت تشویشناک ہونے پر کراچی منتقل کر دیا،لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے کیلئے کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا، تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں درجہ چہارم کا ملازم عمران مسیح کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران مسیح کو 14دسمبر کو گردے میں پتھری کے باعث شدید تکلیف ہوئی تو وہ موٹر سائیکل پر اکیلا ائیر پورٹ روڈ پر واقع نجی ہسپتال چلا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اس کا فوری طور پر آپریشن کیا ، کئی روز تک نجی اسپتال کی انتظامیہ اپنے ہی خرچ پر اس کاڈائیلاسز کرتی رہی اور اسپتال والے از خود اسے گھر سے لاتے اور پہنچاتے رہے تاہم اس کی حالت مسلسل غیر ہوتی گئی جس پر لواحقین اسے کراچی لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے عمرا ن مسیح کا معائنہ کیا تو انکشاف ہوا کہ اسکا ایک گردہ نہیں ہے جبکہ دوسرےگردہ نےبھی کام چھوڑ دیا ہے کراچی میں علاج جاری ہے تاہم حالت تشویشناک ہے اس سلسلے میں بلوچستان اسمبلی ایمپلائز یونین کے رہنماء ظفر رند نے بتایا کہ ائیر پورٹ پر واقع اس نجی اسپتال اور آپریشن کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف اندراج ایف آئی آر کے لئے عمران مسیح کے لواحقین نے رجوع کیا ہے تاہم پولیس کا موقف ہے کہ کئی روز کے التواء کے باعث اب ایف آئی آر کا اندارج ممکن نہیں، ظفر رند نے بتایا ہے کہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف بجلی گھر پولیس تھانے میں مقدمے کے اندراج کے لئے کوششیں کررہے ہیں پولیس نے مقدمہ درج نہ کیا تو اسمبلی ایمپلائز یونین احتجاج کرے گی انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی لازمی ہونی چاہئے۔ دوسری جانب پولیس سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ مقدمہ درج کرانے کے حوالے سے کسی بھی تھانے میں رابطہ نہیں کیا گیا یہ کہنا کہ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی غلط ہے جب بھی کوئی رابطہ کرے گا تو مقدمہ درج کر لیا جائے گا ۔