وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے ایک ہفتے میں قومی سلامتی پالیسی پبلک کرنے کا اعلان کردیا۔
قومی سلامتی پالیسی کے حوالے سے ڈاکٹر معید یوسف نے ایک بیان جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں قومی سلامتی پالیسی کو پبلک کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ اس پر بحث ہو اور لوگ اپنی رائے کا اظہار کریں، قومی سلامتی پالیسی پر تمام سول اور عسکری ادارے اور وزارتیں متفق ہیں۔
مشیر قومی سلامتی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ ہر ماہ قومی سلامتی پالیسی پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
اس حوالے سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق قومی سلامتی پالیسی کا محور پاکستان کے شہریوں کا معاشی تحفظ ہے، شہریوں کے معاشی تحفظ سے ملک کی سلامتی منسلک ہے۔
اعلامیے کے مطابق پالیسی سازی کے عمل میں تمام متعلقہ وفاقی اداروں سے طویل مشاورت کی گئی۔