مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی تین رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو تمام حکومتی اتحادیوں سے مل کر منی بجٹ کے مضمرات سے آگاہ کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خان زادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے اہم مسئلہ اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کا ہے۔ ہم یہ سوال لے کر ہر حکومتی رکن اور اتحادی کے پاس جائیں گے کہ آپ نے آئین سے وفاداری کا حلف اٹھایا ہے یا عمران خان کی نااہلی اور ناکامی سے وفاداری کا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اسٹیٹ بینک کو وہ تمام آزادی اور خود مختاری حاصل ہے جو کسی بھی ملک میں درکار ہوتی ہے۔
اسی پروگرام میں اسٹیٹ بینک کے سابق گورنر اور وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ حکومت کو مسلسل کمرشل بینکس سے اتنا قرضہ نہیں لینا چاہیے۔