وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائم وِنگ سندھ کے سربراہ عمران ریاض کا کہنا ہے کہ سگریٹ پیتے وائرل ویڈیو پر ابھی تک اداکارہ علیزے شاہ نے رابطہ نہیں کیا ہے۔
عمران ریاض کا کہنا ہے کہ جب تک اداکارہ علیزے شاہ شکایت درج نہیں کرائیں گی ایکشن نہیں لیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اداکارہ علیزے شاہ کی گاڑی میں دوستوں کے ہمراہ بیٹھے سگریٹ نوشی کرتے ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچایا ہوا تھا۔
علیزے شاہ کے مداحوں کی اداکارہ کی سگریٹ نوشی کی ویڈیو پر رائے منقسم تھی، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینا نہ پینا کسی بھی شخص کا ذاتی فعل ہے جبکہ کچھ صارفین کا ماننا ہے کہ جب عوام کی ایک بڑی تعداد آپ کو پسند کرتی ہے اور آپ کے جیسا بننا چاہتی ہے تو آپ کو ایسے کام نہیں کرنے چاہییں جس سے ان کے جذبات مجروح ہوں۔
بعد ازاں علیزے شاہ نے ایف آئی اے سائبر کرائم سندھ کے ڈائریکٹر عمران ریاض کا ایک بیان انسٹاگرام پر شیئر کیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کسی کی بھی اجازت کے بغیر اس کی تصویر لینا یا ویڈیو بنانا، اپ لوڈ کرنا، مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرنا، ٹوئٹ کرنا، ری ٹوئٹ کرنا جیسا کہ ابھی اداکارہ علیزے شاہ کے کیس میں ہوا ہے، یہ الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے زمرے میں آتا ہے اور یہ ایک جرم ہے۔
اس سے یہ اخذ کیا گیا تھا کہ علیزے شاہ نے اپنی وائرل ویڈیو پر قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے تاہم عمران یاض کا کہنا ہے کہ ایف آئی سے علیزے نے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔