• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی بھرتیوں کیخلاف MQM کی درخواست پر حکم امتناع جاری


سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے21 ہزار نئی بھرتیوں کیخلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر حکم امتناع جاری کر دیا، عدالت نے آئندہ سماعت تک سندھ حکومت کو بھرتیوں سے روک دیا۔

ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت پر ایم کیو ایم کے وکیل طارق منصور ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ سکھر آئی بی اے سے بھرتیوں کا عمل روکا جائے۔

درخواست میں سکھر آئی بی اے سے ٹیسٹ کا طریقہ کار چیلنج کیا گیا ہے، درخواست گزاروں کے مطابق 38 سے زائد محکموں میں بھرتیاں کی جا رہی ہیں، بھرتیوں کے طریقۂ کار میں بے ضابطگیاں ہیں جس کا مقصد کراچی کے نوجوانوں کو نوکریوں سے محروم کرنا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 3 جنوری 2020 اور 6 فروری 2020 کو نوٹیفکیشن جاری کیے گئے اور گریڈ پانچ سے پندرہ کی اسامیوں کے لیے خاموشی سے کارروائی کی گئی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز کو خلاف ضابطہ ٹیسٹنگ کا کنٹریکٹ دیا گیا، نئے طریقہ کار کے تحت آئی بی اے کراچی کے بجائے نوکریاں سکھر آئی بی اے سے ہوں گی۔

عدالت نے بھرتیوں سے متعلق جاری نوٹیفکیشن بھی آئندہ سماعت تک معطل کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

درخواست گزاروں میں ایم این اے کشور زہرہ ،ایم پی ایز سید ہاشم رضا، غلام گیلانی، جاوید حنیف خان اور وسیم الدین قریشی شامل ہیں۔

قومی خبریں سے مزید