وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر صرف ایک زمینی تنازعہ نہیں بلکہ ریاست کے لوگوں کی زندگیوں کا مسئلہ ہے اور جموں و کشمیر ہمارے دلوں کے قریب ہے۔
پاکستانی سفارت خانہ برلن میں یوم جموں و کشمیر حق خودارادیت کے حوالے سے منعقدہ ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی آر ایس ایس سے مرعوب سوچ کی وجہ سے یہ ظلم و بربر یت مقبوضہ وادی کی حدود سے نکل کر پورے بھارت کی اقلییتوں تک پھیل گیا ہے اور یہی سوچ وزیراعظم عمران خان کے علاقائی ترقی اور روابط کے فروغ کی آرزو اور کاوشوں کے درمیان حائل ہے۔
اس موقع پر جرمنی میں تعینات پاکستانی سفیر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کشميریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت ملنے تک بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ویبینار میں شرکت کرنے والے بین الاقوامی بالخصوص برطانوی، پاکستانی اور جرمن سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف سرگرم عمل کارکنوں نے کہا کہ اقوام عالم بھارت کو اس کے ظلم و بربریت سے روکنے اور کشمیریوں کو ان کی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔