• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردیوں میں ’کھیرا ڈائٹ‘ وزن کی کمی میں معاون

موسمِ سرما میں ایک ہفتے میں اگر آپ 7 کلو تک وزن میں کمی لانا چاہتے ہیں تو  آپ کو ’کھیرا ڈائٹ‘ کا منصوبہ آج ہی بنا لینا چاہیے۔

کھیرا ڈائٹ یا ’کوکمبر ڈائٹ‘ ایک مختصر عرصے کی ڈائٹ ہے جو وزن میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوتی ہے، اس ڈائٹ کے ذریعے 7 دن میں 7 کلو تک وزن کم کیا جا سکتا ہے۔

کھیرا ڈائٹ کھیرے اور چند پروٹین پر مشتمل غذاؤں جیسے کہ انڈہ، مرغی کا گوشت، مچھلی اور خشک میوہ جات کے ساتھ ملا کر لی جاتی ہے، کھیرے غذا کا متبادل بن جاتے ہیں اور دیگر غذاؤں کا استعمال کم سے کم کیا جاتا ہے۔

اس ڈائٹ میں غذاؤں کے آپشن کم ہونے کے سبب اسے کم سے کم 7 دن تک ہی کیے جانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

اس ڈائٹ کو 7 دن سے زائد کرنے کے نتیجے میں یہ نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرین کی جانب سے اس ڈائٹ کے دوران پروٹین والی غذاؤں کے ساتھ کھیرے کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

اس ڈائٹ کے دوران کاربوہائیڈریٹ والی غذائیں جیسے ڈبل روٹی، براؤن رائس یا آلو کھانے کی بھی اجازت ہوتی ہے۔

کوکمبر ڈائٹ کا طریقۂ کار

اس ڈائٹ کے دوران ناشتے میں دو انڈے کھیرے کے ساتھ کھا سکتے ہیں، کھیرے کی مقدار کی کوئی قید نہیں ہے، بھوک لگنے پر دو کھیرے کھائے جا سکتے ہیں۔

دوپہر کے کھانے میں دہی اور لیموں پانی کے ساتھ کھیرے کی سلاد کھائیں کچھ دیر بعد بھوک محسوس ہو تو کھیرے سے بنی سلاد ہی کھائیں۔

رات کے کھانے میں ابلی ہوئی یا زیتون کے تیل میں ہاف فرائی کی ہوئی چکن کے ساتھ ایک کپ براؤن چاول لیے جا سکتے ہیں جبکہ کھیرے سے بنی سلاد لازمی ہے۔

اس ڈائٹ کے دوران صرف سادہ پانی پئیں، کولا مشروبات ہر گز استعمال نہ کریں، پانی میں کھیرے اور لیموں کے قتلے کاٹ کے ڈالے جا سکتے ہیں۔

نوٹ: یہ ایک دن کی کھانے پینے کی روٹین ہے جس پر زیادہ سے زیادہ 7 دن تک سختی سے عمل کرنا ہے۔

صحت سے مزید