65 سال سے زائد عمر کے تقریباً 11 فیصد وسکونسن کے شہری الزائمر کے مرض میں مبتلا ہیں، جو ڈیمینشیا کی سب سے عام قسم ہے۔
امریکی ریاست وسکونسن میں ملک کا پہلا ڈیمینشیا ولیج قائم کیا جارہا ہے، جسے ممکنہ طور پر ستمبر 2027 تک کھول دیا جائے گا۔ اس ولیج میں قیام کرنے والے ڈیمینشیا کے مریضوں کو روایتی گھر میں موجود تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
40 ملین ڈالرز سے تیار ہونے والے اس پروجیکٹ کا مقصد یادداشت کی دیکھ بھال کے روایتی نظام کو تبدیل کرتے ہوئے ڈیمینشیا کے مریضوں کے لیے ایک محفوظ اور کمیونٹی طرز کا ماحول فراہم کرنا ہے۔
یہ منصوبہ وسکونسن کی ہاسپِس کیئر تنظیم ایگریس (Agrace) کی جانب سے میڈیسن کیمپس میں شروع کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مریضوں کو 8 افراد کے چھوٹے گروپس کی صورت میں مشترکہ گھروں میں رکھا جائے گا۔ طبی عملہ روزمرہ سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت موجود ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نیا ڈیمینشیا ولیج نیدرلینڈز کے ہوگے ویک (Hogeweyk) ماڈل کی طرز پر قائم کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ڈیمینشیا کے مریضوں کو حتیٰ الامکان معمول کی زندگی گزارنے میں مدد دینا ہے۔ تاہم، ایگریس کی جانب سے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس ڈیمینشیا ولیج کے مریضوں کے اہلِ خانہ کو کتنی فیس ادا کرنا ہوگی۔