شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار زاہد احمد نے ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ کیے جانے پر بےجا تنقید کرنے والوں کو چُپ کروادیا۔
زاہد احمد نے اپنی ایک انسٹاگرام اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے کہا کہ تاریخ کا جائزہ لیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ زیادہ تر پاکستانی کردار ادا کرنے کے لیے بھارتی اداکاروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ پاکستانی اداکاروں کا کوئی ایجنٹ نہیں ہوتا اس لیے پاکستانی اداکار عالمی سطح پر نمائندگی کرنے سے محروم رہتے ہیں۔
زاہد احمد نے لکھا کہ اگر ڈاکٹر حسنات کا کردار ہمایوں سعید ادا کررہے ہیں تو اس پر ہم سب کو فخر کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک افسوسناک بات ہوتی اگر یہ کردار کوئی غیر ملکی اداکار ادا کرتا۔
خیال رہے کہ اداکار ہمایوں سعید ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں برطانوی شہزادی کے مقابل ایک پاکستانی سرجن کا کردار ادا کریں گے۔
شاہی خاندان پر بنے ڈرامے میں ایک طرف شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کو موضوع بنایا گیا ہے وہیں 1997 میں کار حادثے میں شہزادی ڈیانا کی موت کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔
ڈاکٹر حسنات خان کو ایک حادثے میں اپنے مصری دوست کے ساتھ ہلاک ہو جانے والی برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا ہے، جنہیں وہ ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔
ہمایوں سعید کی کاسٹنگ پر اداکارہ سکینہ سموں نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ اس کردار کیلئے فواد خان بہترین چوائس تھے، وہ ہمایوں سعید کو کاسٹ کیے جانے کے بعد یہ ڈرامہ نہیں دیکھیں گی۔