• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگین التان کا موسمیاتی تبدیلی پر قابو پانے کیلئے پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کا مشورہ

انگین آلتان دوزیتان، فوٹو انسٹاگرام
انگین آلتان دوزیتان، فوٹو انسٹاگرام 

تُرک اسٹار انگین التان نے زمین پر رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی اور اس کے خطرناک نتائج  پر قابو پانے کے لیے پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے پر زور دیا ہے۔

انگین التان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر موسمیاتی تبدیلی اور اس کے خطرناک نتائج پر قابو پانے اور پلاسٹک کے استعمال کی وجہ سے ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کروائی ہے۔

اُنہوں نے تُرک زبان میں اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’پلاسٹک کے حد سے زیادہ استعمال سے انسانوں سمیت تمام جانداروں کی صحت کو خطرہ ہے!‘

انگین التان نے لکھا ہے کہ ’پلاسٹک اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والے زہریلے کیمیکلز  سمندروں میں موجود جانداروں کی موت کا سبب بھی بنتے ہیں اور یہ صورتِ حال خشکی پر رہنے والی دیگر مخلوقات کے لیے بھی مختلف نہیں ہے، پلاسٹک کی حد سےزائد پیداوار اور استعمال موسمیاتی تبدیلی کے سب سے اہم محرکات میں سے ایک ہے!‘

اُنہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’یہ ضروری ہے کہ ہم پلاسٹک کی آلودگی سے ہونے والے ماحولیاتی نقصان کو روکنے کے لیے اقدامات کریں‘۔

ترک اداکار نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ’صرف ترکی میں سالانہ 1.1 ملین ٹن پلاسٹک کا کچرا ری سائیکل کیا جاتا ہے لیکن اب بھی اس حوالے سے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔

انگین التان نے پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے کچھ طریقے بھی بتائے ہیں۔

1- ڈسپوزیبل مصنوعات کی بجائے شیشے اور دھاتی مصنوعات کو ترجیح دیں۔
 2- پانی پینے کے لیے پلاسٹک کی بوتلوں کے بجائے اپنے فلاسکس ساتھ رکھیں۔
 3- خریداری کے لیے پلاسٹک کے تھیلوں کی بجائے اپنے بیگ استعمال کریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید