• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

گالف دیکھنے میں جتنا آسان کھیلنے میں اتنا ہی مشکل

یہ کھیل گالفرز کو تحمل مزاجی اور ایکسائٹمنٹ سے لڑنا سکھاتا ہے اکثر گالفرز بڑے مقابلوں میں اپنے جذبات سے لڑتے دکھائی دیتے ہیں مگر اس کھیل میں وہی کامیاب ہوتا جسے مہارت اور تیکنیک پرعبور ہو، پاکستان میں ایسے کئی گالفرز موجود ہیں جو گزشتہ کئی عرصے سے اپنی بہترین مہارت سے ٹائٹل حاصل کررہے ہیں۔ 

ان ہی میں ایک کراچی گالف کلب کے پروفیشل گالفر وحید بلوچ ہیں جو کراچی کے علاقہ ڈالمیا مجاہد کالونی کے رہائشی ہیں وہ بچپن سے گالف کے شوقین تھے اور بچپن میں گالف کورس کی دیوار پھلانگ کر گالف دیکھا کرتے تھے کھیل کا ایسا شوق تھا کہ ڈالمیا کے کچے فٹبال گراونڈ پر گالف کی گیند سے شدید گرمی میں کھیلتے رہتے تھے۔ 

وقت گزرتا گیا وحید بلوچ پہلے کیڈی بن کر گالفرز کو کھلایا کرتے تھے اور پھر خود اس کھیل سے وابستہ ہوگئے اور 1995 سے پروفیشنل کیٹگری میں مقابلے کررہے ہیں پروفیشنل بننے کے ایک سال بعد ہی وہ پاکستان میں ہونے والے پہلے ایشین ٹور کیلئے منتخب ہوگئے جس میں ان کی کارکردگی نمایاں رہی اور 17 ویں پوزیشن حاصل کی آخری راؤنڈ پر چار انڈر کا بیسٹ راؤنڈ بھی کھیلا تھا اس کے بعد وحید بلوچ نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا کراچی گالف کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نےکئی قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں شرکت کی۔ 

اس دوران وہ پانچ مرتبہ چیمپئن بنے جبکہ پندرہ مرتبہ دوسرے نمبر ہر آئے ایشین ٹور میں بھی حصہ لیا انڈین ٹور ، بنگلہ دیش اور تھائی لینڈ میں بھی ملک کی نمائندگی کی پروفیشنل گالفر بننے کے دس سال بعد وحید بلوچ کو اسپانسر شپ ملی زندگی کے کچھ حالات بہتر ہونا شروع ہوئے کئی انٹرنیشنل ٹورز میں ملک کی نمائندگی کی اس دوران کئی اسپانسرز آئے اور گئے لیکن ان کے کھیل میں کمی نہ آئی وہ آج بھی ملک کے ٹاپ گالفرز میں شمار کئے جاتے ہیں۔ 

آج کل ایک نجی کمپنی کے کنٹری ہیڈ غیاث الدین کی سپورٹ سے وہ ملٹی نیشنل کمپنی کے بینر تلے گالف کھیل رہے ہیں وحید بلوچ نے سال 2022 کے آغاز میں ہی 11 واں رشید ڈی حبیب میموریل قومی پروفیشنل گالف ٹورنامنٹ جیت لیا آخری راؤنڈ پر وحید بلوچ کا مقابلہ دفاعی قومی چیمپئن محمد شبیر اقبال سے ہوا میچ دوبار ٹائی ہونے کے باوجود شبیر اقبال اپنے ٹائٹل کا دفاع نہ کرسکے اور کامیابی وحید بلوچ کے حصہ میں آئی ٹرافی کے ساتھ 7 لاکھ 13 ہزار روپے کا انعام بھی حاصل کیا۔ 

مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے انعامات تقسیم کیے، چار روز بعد ہی کراچی کے ائیرمین گالف کورس پر وحید بلوچ کی کپتانی میں دو شہروں کے درمیان پروفیشنل گالفرز کا مقابلہ ہوا جس میں کراچی نے لاہور کی ٹیم کو ہرا کر پہلی ٹیم چیمپئن شپ کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا وحید بلوچ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے ویک ہونے والے ملک کی سب سے بڑے ٹورنامنٹ پاکستان اوپن کی تیاری کررہے ہیں اس میں بھی کامیاب ہونگے وحید بلوچ نے کہا کہ انکے ریٹائرمنٹ کا کوئی ارادہ نہیں پروفیشنل کے بعد سینئیر پروفیشنل گالفر بن کر ملک کا نام روشن کریں گے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید